بھٹکل :13؍اکتوبر(ایس اؤ نیوز)مجاہد آزادی ہند ،جدید ہندوستان کے معماراورآزاد بھارت کے پہلے وزیر تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد ؒ کے یوم پیدائش کو قومی سطح پرمنائےجانے والے ’ یوم تعلیم ‘کی مناسبت سے آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن بھٹکل کے زیرا ہتمام منعقدہ پروگرام میں تعلیمی میدان میں بہترین خدمات انجام دینے پر دو اساتذہ کو مرحوم سید عبداللہ لنکا ایوارڈ سے نوازتے ہوئے ان کی تہنیت کی گئی ۔
11نومبر 2021بروز جمعرات کو دعوت سنٹر میں منعقدہ یوم تعلیم پروگرام میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں 40سال سے زائد عرصہ تک تدریسی خدمات انجام دینے والے موظف استاد ماسٹر سیف اللہ سرگروہ کو لائف اچھیومنٹ کے طورپر ’سید عبداللہ لنکا لائف ٹائم اچھیومنٹ ایوارڈ‘ اور انجمن اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول کے استاد محمد صادق کو ’سید عبداللہ لنکا آئیڈیل ٹیچر ایوارڈ‘ سے نوازاگیا۔
جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے بزرگ رہنما قادر میراں پٹیل نے مولانا آزاد ؒ پر پرمغز مقالہ پیش کرتےہوئے کہاکہ مولانا آزاد نے اپنے طنزیہ اور تیکھے مضامین کے ذریعے انگریزوں کی نیند حرام کردی تھی۔ خاص کر الہلال اور البلاغ نامی رسالوں کے ذریعے ملکی سطح پر جنگ آزادی کا بگل بجایا ۔ تحریر و تقریر کے ذریعے جنگ آزادی میں اہم کردار ادا کرنے والے مولانا آزاد کو انگریزوں کو ہر موقع پر جیل میں بند کیا، ان صعوبتوں سے پریشان ہوئے بغیر مولانا آزاد نے آخر دم تک انگریزوں کے خلاف نہ صرف لڑے بلکہ پوری ہندوستانی قوم کو متحد ہوکر ان کےخلاف لڑی جانے والی جدوجہد میں شریک کروایا۔
اس موقع پر تعلقہ سرکاری ملازمین سنگھا کے صدر موہن نائک نے مولانا آزاد کی تعلیمی خدمات پر روشنی ڈالی تو تعلقہ ہائی اسکول اساتذہ سنگھا کے صدر شبیر احمد دفعدار نے مولانا آزادکی تعلیمی دین پر اظہار خیال کیا۔ آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن کرناٹک کے صدر محمد رضامانوی نے پروگرام کی صدارت کی ،آئیٹا کے ریاستی سکریٹری محمد یسین بکبا نے افتتاحی کلمات پیش کرتےہوئے سبھی کا استقبال کیا۔آئیٹا کے ضلعی صدر علی منیگار نے شکریہ اداکیا اور مرڈیشور اقرأاسکول کے صدر مدرس نعیم الحق نے پروگرام کی نظامت کی۔ ڈائس پر جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے قائم مقام امیر مقامی مجاہد مصطفیٰ ، سرکاری ملازمین سنگھا کے ریاستی ممبر پرکاش شیٹھ شرالی، آئیٹا بھٹکل کے صدر عمران ملا وغیرہ موجود تھے۔